پاکستان “انگیج افریقہ” کی پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

24

اسلام آباد،01مارچ  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان “انگیج افریقہ” کی پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے، مؤثر سفارتکاری کے ذریعے زمبابوے اور دیگر افریقی ممالک کی توجہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے موجود وسیع مواقعوں کی جانب مبذول کروائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمبابوے کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر مراد بصیر سے گفتگو کرتے کیا، جنہوں نے ان سے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے زمبابوے میں بطور سفیر نامزدگی پر مراد بصیر کو مبارکباد دی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ زمبابوے کے ساتھ بہترین دوطرفہ تعلقات ان کی آزادی سے پہلے کے ہیں۔ ملاقات میں افریقی ممالک خصوصا زمبابوے کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

  زمبابوے کیلئے نامزد سفیر مراد بصیر نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مؤثر طریقے سے نمائندگی کےعزم کو دہرایا۔

چیئرمین سینیٹ نے زمبابوے کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کی بحالی اورمزید فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی آزادی کے بعد پاکستان کی معاونت سے زمبابوے ائیر فورس کے قیام پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کےساتھ بہتر دوطرفہ تجارت کیلئے بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان کی زمبابوے کیلئے برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، 2019 میں پاکستان کی برآمدات  زمبابوے کیلئے 10.4 ملین ڈالر رہی جس کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔