لاہور، 14 مارچ ( اے پی پی ): معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پہلی جماعت ہے جس نے کرپشن کے خلاف نعرہ بلند کیا، عدم اعتماد کی تحریک لانے کے بعد اپوزیشن کی کانپیں بری طرح ٹانگ رہی ہیں۔ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لا کر پھنس چکی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حسان خاور نے کہا کہ گذشتہ کچھ دہائیوں سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے“واری وٹا” لگایا ہوا تھا، جس کا ردھم تحریک انصاف نے آ کر توڑا۔ انہوں نے کہا کہ خاندانِ زر اور خاندانِ شر آپس میں میوزیکل چیئر گیم کھیل رہے تھے اور کرپشن سے مال و دولت بنانے کا سلسلہ شروع کیا ہوا تھا۔ تحریک انصاف نے ان کی کرپشن کے خلاف نعرہ بلند کیا اور عوام کے پیسے کی محافظ بنی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ان کی ڈکٹیٹر شپ کے مقابلے میں جمہوریت لایا۔ تحریک انصاف پہلی حکومت ہے جس نے نہ صرف پنجاب کا وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب سے لگایا بلکہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کا راستہ عام لوگوں کیلئے کھولا اور ترقیاتی فنڈز برابر تقسیم کئے۔ یہ بات اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہی۔
حسان خاور نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کیلئے اپوزیشن کو اپنے ارکان پورے ہوتے نظیر نہیں آ رہے، اسی لئے گھوڑوں کے سوداگر بھاگنے کے راستے تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب گھوڑوں کے سوداگروں اور بنارس کے ٹھگوں کا علاج ہوگا اور اپوزیشن کا باب بند ہوگا۔ حسان خاور نے کہا کہ خاندان زر اور شر کے ہاتھ اتنے لمبے ہیں کہ ان کی سازشوں سے بہت کم لوگ محفوظ ہیں۔ جعلی آڈیو، جعلی بیان حلفی اور اداروں کی عزت پامال کرنے سمیت اقتدار کے حصول کیلئے کوئی ایسا ہتھکنڈا نہیں جس سے انہوں نے اجتناب کیا ہو۔ انہوں نے کہاکہ ان کے شر سے کوئی بھی محفوظ نہیں۔
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا کہ عثمان بزدار پر عمران خان کو مکمل اعتماد ہے۔ جب تک عمران خان چاہیں گے بزدار وزیر اعلیٰ رہیں گے۔ میڈیا نمائندگان کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے گذشتہ ساڑھے تین سالوں میں ہر اقدام اتحادیوں کی مشاورت سے اٹھایا ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ ق لیگ اور اتحادیوں سے مذاکرات جاری ہیں،اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہے اور اس کی جڑیں عوام میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسے دیکھ کر اپوزیشن کے چھکے چھوٹے ہوئے ہیں۔ ہر آنے والے جلسہ گذشتہ جلسے سے بڑا ہوگا جو سب کو بتائے گا کہ پاکستان کے عوام کس کے ساتھ ہیں۔
حسان خاور نے کہا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں عوام کا سونامی آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کیلئے بہتر ہے کہ وہ چپ چاپ 2028تک انتظار کرے۔











