افواج پاکستان ہمارا اثاثہ ہیں،پاکستان میں امن کا قیام پاکستان کے سیکیورٹی فورسز کے مرہون منت ہے، مقررنین

54

ملتان،27 اپریل(اے پی پی):افواج پاکستان ہمارا اثاثہ ہیں پاکستان میں امن کا قیام پاکستان کے سیکیورٹی فورسز کے مرہون منت ہے جس کیلئے ہزاروں جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور مسلسل شہادتیں ہورہی ہیں گزشتہ روز بھی میجر سمیت فوجی جوانوں نے مادر وطن کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہم ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول ملتان میں ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے اشتراک سے منعقدہ” افواج پاکستان زندہ باد” سیمینار و ریلی سے خطاب میں کیا جس کہ صدارت پرنسپل گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول مہر محمد الطاف نے کی مہمان خصوصی سماجی رہنما و صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزہشن نعیم اقبال نعیم اور وائس پرنسپل حاجی ملک جہانگیر احمد انصاری تھے۔ نظامت کے فرائض سنئیر ٹیچر عمر بھٹہ نے سرانجام دئیے جبکہ اس موقع پر اساتذہ راوّ عمر دراز، حافظ امجد بشیر، آصف ملک، وقاص خان، اقبال ملک، اخلاق شاہ اور طلبہ معظم علی قریشی و دیگر نے بھی اظہارِ خیال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل مہر محمد الطاف نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا وقار ہیں اور پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے۔

نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ سیاست اب عملی طور پر بدتمیزی و بدتہذبی میں بدل گئی ہے سیاسی اکابرین نے تہذیب و تمدن کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نئی نسل کو اس قدر جذباتی کردیا ہے کہ اب وہ قومی اداروں اور ان کے سربرہان تک کو ننگی گالیاں اور نجانے کیا کیا کہہ رہے ہیں اس سب کے پیچھے ایک بڑا عنصر سوشل میڈیا کا بےدریغ اور آزادانہ کھلم کھلا استعمال ہے۔ انہو ں نے کہا کہ  میں مطالبہ کرتا ہوں کہ جب تک پاکستان میں یہ طوفانِ بدتمیزی ختم نہیں ہوجاتا تب تک پاکستان میں تمام سوشل میڈیا سائٹس کو بند کردیا جائے اور ان کو فلٹر کیا جائے ایک شخص سینکڑوں ہزاروں جعلی اکاؤنٹ بناکر جس مرضی کے بارے میں جو مرضی غلط بے بنیاد اور جھوٹ لکھ دیتا ہے اور لوگ بھی بنا سوچے سمجھے اس کے پیچھے لگ کر دھڑا دھڑ اس پروپیگنڈے کا حصہ بن جاتے ہیں،عوام افواج پاکستان کے خلاف کسی بھی سرگرمی کا حصہ نا بنیں بلکہ ایسے لوگوں کی حوصلہ شکنی کریں۔

 سیمینار کے اختتام پر افواجِ پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی جس میں اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔