ملتان۔27اپریل (اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردی اور اغواءبرائے تاوان میں ملوث گینگز کو پوری طاقت کے ساتھ کچل دیا جائے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایڈیشنل آئی جی پولیس سائوتھ پنجاب احسان صادق کے ہمراہ امن و امان کا جائزہ لینے کے لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ڈی جی خان لیاقت چٹھہ اور ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان حمزہ سالک نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ ڈی جی خان کے ٹرائبل ایریا میں قانون کی بالادستی کے لئے بارڈر ملٹری پولیس اور پنجاب پولیس مل کر کام کریں تاکہ جرائم کو جڑ سے اکھاڑا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بارڈر ملٹری پولیس کو جدید اسلحے سے لیس کیا جارہا ہے اور ٹرائبل ایریا میں چیک پوسٹوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جس سے لاءاینڈ آرڈر کے کنٹرول میں مدد ملے گی۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ حکومت ٹرائبل ایریا کی ترقی کے لئے بھرپور فنڈز فراہم کررہی ہے اور اس علاقے میں روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا ہے جس سے پولیس پٹرولنگ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرائبل ایریا میں غربت کے خاتمہ کے لئے بلاسود چھوٹے قرضے فراہم کرنے کے لئے حکومت کو سفارش کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی جی خان سے گندم اور کھاد سمگلنگ روکنے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب احسان صادق نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔











