اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کا اوکاڑہ، دیپالپوراور حجرہ شاہ مقیم میں قائم سستے رمضان بازاروں کا دورہ

21

اوکاڑہ،15اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرکیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے سستے رمضان بازار ضیاءشہید لائبریری، سستے رمضان بازار دیپالپوراور سستے رمضان بازارحجرہ شاہ مقیم کا دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملک راشد نعمت کھوکھر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ کے سٹالز،چینی اور آٹے کے سٹالز کا معائنہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنرکیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے چینی کے سٹال پر چینی کے پیکٹوں کا وزن چیک کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سستے رمضان بازاروں کے ذریعے جو ریلیف عوام کو دینا چاہتی ہے اس سلسلہ میں ہر سستے رمضان بازار کے منتظمین بھر پور کاوشیں کریں اس سرکاری ذمہ داری کو فرض سمجھ کر ادا کریں اور لوگوں کی دعائیں لینے کے ساتھ ساتھ ثواب بھی کمائیں ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا کہ معیاری اور مقررہ نرخوں پر عام مارکیٹ سے کم قیمت پر اشیائے خورونوش کی فراہمی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے سستے رمضان بازاروں میں آٹا ،چینی ،گھی ،دالیں ،مشروبات ،گوشت انڈے،  پھلوں و سبزیوں کے معیارپرکوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ان کی تسلسل سے فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں آنے والے خریداروں کی سہولت کو مقدم رکھاجائے ان کےبیٹھنے کے لئے بہترین انتظامات احسن انداز میں کئے جائیں پارکنگ کی سہولت اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے سستے رمضان بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والے صارفین سے گفتگو کی اور ان سے سستے رمضان بازاروں میں اشیاء خورونوش کی کوالٹی اور قیمتوں بارے بھی دریافت کیا۔