اٹک،05 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم سندھو نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے،ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور بھاری جرمانے عائد کئے جارہے ہیں۔ضلع بھر میں رمضان بازار عوامی سہولت کے لیے قائم ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار حضرو سستا رمضان بازار کے دورے کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔ ان کے ہمراہ اے ڈی سی آر وقار احمد اور اسسٹنٹ کمشنر حضرو زوہیب احمد انجم بھی موجود تھے۔ اے سی حضرو نے انہیں بازار کےانتظامی امور کے متعلق تفصیلی بر یفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ عوام کوزندگی کے تمام شعبوں میں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے کو ششیں کی جارہی ہیں۔رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے۔ڈی سی اٹک نے ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان کے سوال پر کہا کہ عوام کو اس ماہ مبارک میں بنیادی اشیاء کی فراہمی بہترین معیار اور مقدار کے ساتھ مناسب نرخوں کے ساتھ یقینی بنایا جا رہا ہے۔حکومت پنجاب مہنگائی کو قابو میں لا نے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ہرممکن کوشش جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا گوشت اور دیگر اشیاء کی مہنگے داموں فروختگی کی شکایات پر کارروائی کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ عوام کو ماہ مقدس میں لوٹنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔











