اٹک؛ پولیس نے اسلحہ کے زور پر گاڑی اور نقد رقم چھیننے والا4 رکنی گینگ گرفتار کر لیا

42

اٹک،16اپریل(اے پی پی): پولیس نے اسلحہ کے زور پر گاڑی اور نقد رقم چھیننے والا4 رکنی گینگ گرفتار کر لیا ہے اور ملزمان سے لوٹے گئے لاکھوں روپے بھی برآمد کر لئے گئے ہیں۔

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا شعیب محمود نے ڈی پی او آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال 2 مارچ کو مدعی مقدمہ ملک عمران ولد محمد رفیق سکنہ فقیر آباد اٹک نے تھانہ حضرو کو درخواست دی کہ وہ ریت کی کان واقع ہٹیاں پر بطور منیجر تعینات ہے جسکی کیش کی رقم لیکر انکی گاڑی جا رہی تھی کہ 3 نامعلوم بامسلح اشخاص نے اسلحہ کی نوک پر کیش چھین لی مزید برآں جس ڈمپر پر ملزمان واردات کیلئے آئے وہ بھی چھینا ہوا پایا گیا جس پر انچارج پولیس چوکی ہٹیاں شبیر احمد نے فوری مقدمہ درج کر لیا جس پر ڈی ایس پی حضرو محمد اقبال کی زیر نگرانی ایس ایچ او حضرو مظہر السلام ،انچارج آئی ٹی لیب انسپکٹر جہانزیب خان، اے ایس آئی شبیر احمد و جوانان پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر فوری نامعلوم ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا جس پر پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی  اور روایتی پولیسنگ کی مدد سے عامر شہزاد عرف عامرا ولد گلزار حسین سکنہ  فقیرآباد تحصیل و ضلع اٹک ،ملک قمر حیات اعوان  ولد عمران خان اعوان،وقاص احمد عرف جن ملک ولد محمد نسیم خان اورمحمد ادریس ولد محمد نذیر سکنہ چیچہ وطنی ساہیوال کو ٹریس کر کےگرفتار کیا تو ملزمان نے واردات کا اعتراف کرتے ہوئے مزید ایک اور واردات کا انکشاف بھی کیا جس پر گینگ ممبران سے تفتیش عمل میں لاتے ہوئے چھینی گئی نقد رقم 1310000روپے برآمد کر لئے گئے اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ  3 ضرب پسٹل و ایمونیشن بھی برآمد کر کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں ۔

 اہل علاقہ نے اٹک پولیس کی اس کارروائی پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو قیمتی سرمائے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔