اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو اسلام آباد میں ”اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ” سے خطاب کر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طاقتور ملک نے کہا پاکستان روس کیوں گیا، قصور ان کا جنہوں نے اشرافیہ کےلیے ملک کو دنیا میں ذلیل کرایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی سلامتی کے کثیرالجہتی مقاصد ہیں، جن ممالک میں غریبوں کے سمندر میں امیر لوگوں کا ایک چھوٹا جزیرہ ہو وہ ملک ہمیشہ غیرمحفوظ رہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں جب مدینہ کی ریاست کی بات کرتا ہوں تو اس کا تصور سمجھنے کی بجائے یہ کہا جاتا ہے کہ ووٹ لینے اور سیاست کیلئے مذہب کو استعمال کرتا ہوں، مدینہ کی ریاست کی بنیاد قانون کی حکمرانی اور فلاحی ریاست تھی، اسی پر انہوں نے دنیا پر حکمرانی کی اور تہذیب و تمدن بدلا، ہماری قومی سلامتی کی بنیاد بھی وہی ہے، اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے، جب تک پوری قوم اپنی قومی سلامتی کیلئے کھڑی نہیں ہوتی یہ 22 کروڑ کا ہجوم ہی رہے گا، فوج صرف محدود سکیورٹی دے سکتی ہے، عوام جب قوم بن جائیں تو وہ سب سے محفوظ ملک و قوم بن جاتے ہیں، کیوبا کی مثال سامنے ہے۔











