بہاولنگر،27 اپریل (اے پی پی):بہاولنگر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے رمضان بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر، انتظامیہ کے افسران اور مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر رمضان بازاروں میں موجود اشیائے خورد و نوش کے اسٹالز پر گئے جہاں انہوں نے اشیائے خورد و نوش کی کوالٹی اور نرخ کا جائزہ لیا۔انہوں نے رمضان بازاروں میں آئے ہوئے صارفین سے ملاقات بھی کی اور ان سے اشیائے خورد و نوش کی کوالٹی، نرخ اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے حوالے سے استفسار کیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ سبز رنگ کے تھیلا میں 10 کلو گرام آٹا 400 روپے میں اور چینی70روپے فی کلو کے حساب سے رمضان بازاروں میں فروخت کی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر گئے جہاں حکومت کی جانب سے 13 آئٹمز سبسڈی نرخ پر فروخت کی جارہی ہیں۔انہوں نے رمضان بازاروں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا اور وہ میڈیکل کیمپس میں گئے جہاں انہوں نے طبی سہولیات کی فراہمی اور ادویات کا اسٹاک چیک کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے اور اس سلسلہ میں متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں شاندار انداز میں انجام دیں۔











