خیرپور،14اپریل(اے پی پی): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے رمضان المبارک میں اشیاءخورد و نوش کے سرکاری نرخ پر فروخت کے سلسلے میں مقرر کیے گئے فوکل پرسن نواب علی وسان نے ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال حسین جنڈران، اسسٹنٹ کمشنر صفدر علی میرانی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے کے ساتھ خیرپور کے پنج گلہ چوک، شاہی بازار، چھتری چوک، سبزی فروٹ، مچھلی، گوشت اور چکن مارکیٹوں کو دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے عوام سے سرکاری نرخوں پر اشیاءکی فروخت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
فوکل پرسن نواب علی وسان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑ ونے تمام دکانداروں کو پابند کیا کہ وہ اشیاءخورد و نوش کے سرکاری نرخ نامے واضح طور پر آویزاں کریں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف رمضان ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مارکیٹوں کے تمام عہدیداروں اور دیگر کو تنبیہ کی کہ سرکاری نرخ کے علاوہ فروخت کی شکایت موصول ہوئی تو اس کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا۔











