اٹک,15اپریل(اے پی پی):سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں کے انعقاد سے عوام کو سستی اور معیاری اشیاء رمضان المبارک میں دستیاب ہورہی ہیں اور یہ پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار رمضان بازاروں کے حوالے سے میونسپل کمیٹی آفس فتح جنگ میں ایک اجلاس کی صدار ت کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم سندھو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک مہرین بلوچ ،اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ خرم بھٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔متعلقہ محکموں کے افسران نے انہیں رمضان المبارک میں محکموں کی جانب سے کیے جانے والے عوامی اقدامات کے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پرسیکرٹری لاٸیو سٹاک نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ضلع بھر میں چھے رمضان بازار لگائے گئے ہیں،جو عوامی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں رمضان کے مہینے میں وافر مقدار میں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔اس سلسلے میں ضلع بھر میں بڑے سٹاک ہولڈرز کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔ضلع بھر میں چھے رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں، جو صبح سے شام تک کھلے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ فئیر پرائس شاپس بھی قائم کی گئی ہیں۔تمام رمضان بازاروں میں گرین چینلز بھی قائم کیے گئے ہیں۔رمضان بازاروں میں سستے داموں انڈے ،مرغی کا گوشت،بڑا اور چھوٹا گوشت بھی فراہم کیا جارہا ہے۔غریب خاندانوں کو مفت رمضان پیکیج بھی فراہم کیا جارہا ہے۔پرائس کنٹرول کمیٹیاں اورپرائس کنٹرول مجسٹریٹس تمام رمضان بازاروں کی نگرانی کررہے ہیں اور مقررہ قیمتوں کے اطلاق کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ذخیرہ اندوزی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔تما م تحصیلوں میں رمضان بازاروں سے خوراک کے نمونے لے کر بھی معائنہ کیا جارہا ہے۔تمام اشیاء خوردونوش کے اوزان بھی چیک کیے جارہے ہیں۔ رمضان بازاروں میں صفائی اور سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔چھاپہ مار ٹیمیں بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ جو تمام رمضان بازاروں کے اچانک دورے کر رہی ہیں۔ رمضان بازاروں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے جس پر عمل جاری ہے۔اس کے علاوہ تمام رمضان بازاروں میں شکایات سیل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔دورے کے دوران سیکرٹری لاٸیو سٹاک نے رمضان بازار اور گندم خریداری مرکز فتح جنگ کا دورہ بھی کیا اور وہاں کیے گٸے عوامی اقدامات کا جاٸزہ لیا۔ان کے ہمراہ اس موقع پر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











