سکھر؛ سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کی جانب سے دستکاری مصنوعات پر خصوصی رعایتی سیل کا افتتاح

13

سکھر،26اپریل(اے پی پی): سرتیون سنگ کی دستکاری مصنوعات پر عید پر خصوصی رعایت کا افتتاح کر دیا گیا۔ سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کے چیف فنانشل آفیسر (CFO) آصف کھوڑو نے ریجنل منیجر، جمال شورو، ڈاکٹر غلام رسول سمیجو، ریجنل منیجر نیاز ہنگورو اور سینئر منیجر ایڈمنسٹریشن سرسو شاہ زیب حسین مہر کے ہمراہ عید کے موقع پر دستکاری مصنوعات پرخصوصی رعایتی پیشکش کا افتتاح کیا۔

 سرسو کے مین کمپلیکس کے احاطے میں سرتیون سنگ کرافٹس کی تمام ہاتھ سے بنی مصنوعات رکھی گئی ہیں جن پر 60 فیصد رعایت دی گئی ہے۔ اس نمائش میں کئی دستکاری مصنوعات رکھی گئی ہیں جن میں اجرک، رلیاں، ٹیکسٹائل مصنوعات، فیشن ملبوسات، کڑھائی والے ملبوسات، کھجور کے پتوں اور گندم کے بھوسے سے تیار کردہ روایتی اشیاء، ہاتھ سے تیار کردہ زیورات، دیوار پر لٹکانے اور چابی کی زنجیریں شامل ہیں۔یہ اشیا ء پہلے دن ہی بڑی تعداد میں ہجوم کو کھینچ لائی ہیں۔ یہ نمائش چاند رات تک جاری رہے گی۔

 سرسو کے ترجمان جمیل احمد کے مطابق دستکاری خالصتاً دیہاتی خواتین کی طرف سے بنائی گئی ہیں جو اپنی مصنوعات کی فروخت سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی حاصل کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قدم نہ صرف روایتی دستکاری کو فروغ دے گی بلکہ گاؤں کی خواتین کو بھی بااختیار بنائے گی۔ اس موقع پر محترمہ حفیظہ بوزدار، محترمہ بختاور مہر، سینئر منیجر کرافٹس انٹرپرائزز ریاض جلالانی، محترمہ ثریا آغا، یاسر سہتو اور دیگر بھی موجود تھے۔