ملتان، 05 اپریل(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کے سجائے رمضان بازاروں میں عوام کا جم غفیر،شہریوں کی بڑی تعداد اشیاء خوردونوش پر سبسڈی سے مستفید ہونے لگی۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم نے مخلتف رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے۔انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور سہولیات بارے دریافت بھی کیا اور چینی اور آٹے کی بلاتعطل فراہمی کے احکامات جاری کئے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم نے کہا کہ رمضان بازار ماہ صیام میں عوامی ریلیف کا بہترین ذریعہ ہیں ، حکومت پنجاب کی ہدایت پر 11 رمضان بازاروں میں مثالی سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں کیلئے انتظار گاہیں اور طبی امداد کی سہولت بھی دی گئی ہے ، آخری عشرے میں عید بازار بھی قائم کرینگے۔
اس موقع پر شہریوں نے رمضان بازاروں کے ریٹس پر اظہار اطمینان کیا۔ شہری نے کہا کہ عام مارکیٹ کی نسبت سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی پر شکر گزار ہیں۔











