ملتان، 07 اپریل (اے پی پی ): کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت ترقیاتی سکیموں بارے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب میں کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی انسپکشن کا آغاز کیا جاچکا ہے ، سرکاری محکمے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو ترجیح بنائیں۔انہوں نے تمام سکیموں کی مقررہ وقت میں تکمیل کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے ، رواں مالی سال کے اختتام تک مقررہ ہدف کے مطابق فنڈز استعمال کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نشتر ٹو اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ روڈز اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرینگے، تمام منصوبوں میں شجرکاری،پارکنگ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے پارکس، سیورج سسٹم کی بہتری کیلئے ترجیحی فنڈز جاری کئے گئے ہیں، ترقیاتی محکمے بھرپور استعداد کار سے کام کریں ۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ افسران نے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔











