ملتان؛کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی متعلقہ افسران کو سرکاری واجبات کی ریکوری میں تیزی لانے کی ہدایت

22

ملتان،15اپریل(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے افسران کو ریکوری اہداف حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکیتی انتقال،آبیانہ اور واٹر ریٹ،سرکاری واجبات کی ریکوری میں تیزی لائی جائے۔ ملکیتی انتقال،اسٹامپ ڈیوٹی کے واجبات بھی کلئیر کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈویژن کی ریونیو پراگرس بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ انسداد تجاوزات کارروائیاں تیز کرکے سرکاری اراضی واگزار کروائیں۔ ریونیو افسران مواضعات کو آن لائن کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر اپ لوڈ کریں۔انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات سمیت دیگرجوڈیشل کیسز کی مکمل پیروی کی جائے۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ڈی سیز، اے سیز ریونیو کے کیسز حل کرنے کیلئے باقاعدگی سے عدالتیں لگائیں،عدالتوں میں کیسز کے جلد حل کے ساتھ انصاف کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے،ریونیو معاملات کو بہترین انداز سے چلانا افسران کا اصل کام ہے،انتظامی معاملات میں الجھ کر ریونیو معاملات کو نظر انداز نہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ آف ریونیو نے سرکاری ریکوری کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دیا ہے،زرعی انکم ٹیکس کے نادہندگان کی جائیدادوں کو بلاک کیا جائے۔نادہندگان کے نام اور پراپرٹی ریکارڈ پر نوٹس جاری کئے جائیں۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ایف بی آر زرعی انکم ٹیکس ٹارگٹ پورا کرنے پر اے سی سٹی ملتان خواجہ عمیر محمود کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر ارشد گوپانگ نے کہا کہ ریونیو کورٹس میں زیرالتواءکیسز کی فوری تکمیل کی جارہی ہے۔ریونیو افسران کھلی کچہریوں کے ذریعے موقع پر ریلیف فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے 81 قانون گوئیوں پر دیہی مرکز مال مکمل فعال ہیں۔ ڈویژن کے 560 پٹوار سرکل میں 390 دیہی مرکز مال مکمل فعال ہیں۔ ڈویژن میں اس ماہ 30 ایکڑ زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی جبکہ اب تک 11168.71 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروائی جاچکی ہے اور 190 مقدمات درج،166 افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

ایڈیشنل کمشنر ارشد گوپانگ  نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں موصول 26677 شکایات حل کی گئیں، ڈویژن کے 2442 موضعہ جات میں 2230 کو آن لائن کیا جاچکا ہے،قانون گوئی لیول پر تمام 81 دیہی مرکز مال فنکشنل کئے جاچکے ہیں۔212 موضعہ جات کو آن لائن کرنے بارے ورکنگ شروع کی جاچکی ہے۔

اجلاس میں کمشنر آفس کے مرحوم سپرٹنڈنٹ رانا مشتاق کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔سپرٹنڈنٹ رانا مشتاق 2 رمضان المبارک کو دل کا دورہ پڑنے سےوفات پاگئے تھے۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ مرحوم رانا مشتاق کو سرکاری معاملات پر عبور حاصل تھا۔وہ انتہائی پروفیشنل انسان تھے۔

ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، لینڈ ریکارڈ افسران موجود تھے اور ان کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی۔