ملتان؛کمشنر کا رمضان بازار کا دورہ ، اشیاء خوردونوش کے معیار کا معائنہ کیا

27

ملتان، 21 اپریل (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے شجاع آباد رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا ، جہاں انہوں نے اشیاء خوردونوش کے معیار کو چیک کیا۔

اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ رمضان بازاروں، اوپن مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلہ 400 روپے میں میسر ہے۔شہریوں کو آٹے، چینی کی بلاتعطل فراہمی اور شہریوں کو اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ فئیر پرائس شاپس پر 13 ائٹمز پر سبسڈی دی گئی  ہے۔انہوں نے شہریوں سے رمضان بازاروں بارے بات چیت  بھی کی۔

 بعدازاں کمشنر ملتان نے شجاع آباد گندم خریداری مراکز کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری کے مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں۔ڈویژن  کے 48 مراکز پر گندم خریداری کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو مثالی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں 6 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم خریدی جائے گی،حکومت پنجاب نے 22سو روپے فی من گندم کا نرخ مقرر کیا ہے۔اوپن پالیسی کے تحت کسانوں کو باردانہ فراہم کیا گیا ہے۔کسانوں کی محنت سے اگایا گیا ایک ایک دانہ حکومت خرید رہی ہے۔

کمشنر نے کسانوں سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کئے جبکہ تمام سنٹر انچارجز کو مقررہ اہداف حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنرناصر شہزاد ڈوگر نے گندم خریداری مہم ، رمضان بازار پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایوب بخاری بھی انکے  ہمراہ تھے۔