ملتان،25 اپریل(اے پی پی): آئی جی موٹروے پولیس انعام غنی کے وژن ، ڈی آئی جی/زونل کمانڈر فدا حسین مستوئی کے احکامات کی روشنی میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی ہدایات پر موٹروے پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کی اوور سپیڈنگ کرنے والے ڈرائیور حضرات کے خلاف خصوصی مہم جاری رکھتے ہوئے تمام ڈرائیور حضرات کو وارننگ جاری کردی ہے، موٹروے سنٹرل 2 زون سیکٹر ملتان پر پاکستان کے جدید آئی ٹی ایس سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کی سپیڈ چیکنگ کی جا رہی ہے اور سپیڈ کرنے والی گاڑیوں کو جرمانہ کیا جا رہا ہے۔
سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل ہمراہ ڈی ایس پی لائن ہیڈکوارٹر چوہدری مسرور علی، ریڈر ٹو سیکٹر کمانڈر انتظار مہدی، پی آر او سیکٹر حسان ملک ٹال پلازہ پر اوور سپیڈنگ سے متعلق گاڑیوں کو چیک کیا اور روڈ یوزرز کو بریفنگ بھی دی۔
سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے بتایا کہ اوور سپیڈ کرنے والی اور بغیر فٹنس والی گاڑیاں نہ صرف اپنی بلکہ دوسرے روڈ یوزر کی زندگی کو بھی داؤ پر لگا دیتی ہیں جو کہ نہایت خطرناک ہیں اور کسی بھی غیر معمولی حادثہ کا باعث بن سکتی ہیں ۔ ٹال پلازہ جات پر بریفنگ آفیسر تعینات کیے گئے ہیں تاکہ وہ موٹروے پر آنے والی تمام گاڑیوں کو چیک اور بریف کریں۔
ڈی ایس پی لائن ہیڈکوارٹر چوہدری مسرور علی نے بتایا کہ غنودگی کی حالت میں گاڑی چلانے سے گریز کریں، نیند آنے پر کسی بھی قریبی ریسٹ ایریا میں میں رک کر آرام کریں،نیند کا غلبہ کم کرنے کے لیے موٹروے پولیس کے آفیسران کی جانب سے روڈ یوزرز کا منہ دھلوایا جاتا ہے اور چیونگم بھی تقسیم کی جاتی ہے۔











