ملک کی سالمیت اور جمہوریت پر حملہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ، ملک امین اسلم

43

اٹک،یکم اپریل(اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ملک کی سالمیت اور جمہوریت پر حملہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے اور یہ حملہ اندرون ملک نہیں بیرون ملک سے ہو رہا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان تاریخ کے ایک دلیر عالمی لیڈر ہیں اور انہوں نے اپنے خلاف ہونے والی سازش پوری قوم کے سامنے رکھ دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو تحصیل حضرو کے گائوں غورغشتی میں پی ٹی آئی رہنما اشفاق خان کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں معاون خصوصی ملک امین اسلم نے غورغشتی میں سڑک تعمیر کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملکی خودداری اور سالمیت کی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ پاکستانی قوم کو عمران خان نے بیدار کرکے شعور سے مالا مال کر دیا ہے اب قوم اپنی غیرت کا سودا نہیں ہونے دے گی ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں اٹک حق ، کپتان اور عمران خان کے شانہ بشانہ ہے ۔ قوم آئندہ بھی اپنے دلیر لیڈر کا انتخاب کرکے بزدل لیڈروں کو بھگا کر رہے گی۔