اسلام آباد،30اپریل(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورہ پر ہیں۔ مدینہ منورہ پہنچنے پر گورنر مدینہ فیصل بن سلمان السعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے ارکان نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے لئے روضہ رسول ﷺ کا دروازہ کھولا گیا۔ وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے دوران روضہ پاک کے اندر گئے اور روضہ رسول ﷺ پر درود و سلام پیش کیا۔
وزیراعظم نے حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت عمر فاروق رضوان اللہ علیہم اجمعین کی آرام گاہوں پر جاکر فاتحہ خوانی کی۔مدینہ منورہ میں قیام کے دوران وزیر اعظم نے دو مرتبہ روزہ رسول ﷺ پر حاضری دی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے ارکان نے ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کیے اور جمعتہ الوداع کی نماز مسجد نبوی ﷺ میں ادا کی اور ملکی سلامتی، ترقی اور سماجی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف دورے کے دوسرے روز مدینہ منورہ سے جدہ گئے۔گورنر مکہ خالد بن فیصل آل سعود اور سعودی عرب کے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مسعدبن محمد العیبان نے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد