پاراچنار،02اپریل(اے پی پی):پاراچنار اور صدہ بازار میں رمضان المبارک کے موقع پر روزہ داروں کو ارزاں نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی کیلئے سستے بازار قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں بازار سے کم نرخوں پر فروٹ اور دیگر خوراکی اشیاء دستیاب ہونگی۔سستے بازار قائم پاراچنار شہر کے طوری بازار اور صدہ بازار میں قائم کئے گئے ہیں جہاں آٹا چینی سبزی فروٹ اور دیگر خوراکی اشیاء رعائتی نرخوں پر دی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر واصل خان نے اسسٹنٹ کمشنر عامر نواز چیف آفیسر بلدیہ سید بہار حسین اور فوکل پرسن سید عاشق حسین کے ہمراہ سستے بازار کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ رمضان المبارک میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے، اس مقصد کیلئے سستے بازار قائم کئے گئے ہیں۔
شہریوں نے سستے بازار کے قیام کو خوش آئند اقدام قرار دیا اور کہا کہ سستے بازار میں ذیادہ سے ذیادہ خوراکی اشیاء رکھی جائیں۔











