پاکستان علاقائی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے تمام ممالک کے ساتھ وسیع بنیادوں پر تعاؤن کو فروغ دینا چاہتا ہے؛اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

39

اسلام آباد، 21 اپریل(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے درینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جبکہ پاکستان علاقائی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے تمام ممالک کے ساتھ وسیع بنیادوں پر تعاؤن کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہاراسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جمعرات کو یہاں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراھیم سالم الزابی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے جبکہ متحدہ عرب امارات کے معاشی اور اقتصادی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی دوطرفہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی خواہاں ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراھیم سالم الزابی نے کہا کہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے ساتھ تعلقات نصف صدی سے زائد عرصہ پر محیط ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں شانہ باشانہ کھڑے ہیں۔

 اماراتی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں معاشی مواقع موجود ہیں جس سے اماراتی سرمایہ کار استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ ہم آہنگی میں اضافہ ہو گا۔