اسلام آباد،15اپریل (اے پی پی):پاک بحریہ نے دسویں مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس – 151 کی کمانڈ سنبھال لی۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز بحرین میں منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے کموڈور احمد حسین کمبائنڈ ٹاسک فورس – 151 کے نئے کمانڈر تعینات کئے گئے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس سے پہلے یہ کمانڈ برادر ملک اردن کے پاس تھی۔ کمبائنڈ ٹاسک فورس – 151 میری ٹائم سیکیورٹی، بحری قزاقی اور سمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کو یقینی بناتی ہے۔ اس موقع پر کموڈور احمد حسین نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔
تقریب میں پاکستان اور اردن کے سفیروں سمیت دیگر ممالک کی سفارتی اور عسکری شخصیات نے بھی شرکت کی۔











