میرپورخاص،18اپریل(اے پی پی ):پرعزم بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں ۔ان نوخیز کلیوں کی درست سمت میں تعلیم و تربیت سے ہی صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے ۔والدین کے سائے سے محروم بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ان بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے ان کی پوشیدہ صلاحیت کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت عالمی یوم یتامیٰ کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے زیر کفالت پرعزم بچوں اور انکی باہمت ماؤں کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر کی تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر آرفن کیئر پروجیکٹ سندھ سلمان حسن صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ماہر تعلیم مفتی محمد مسلم شیخ نے روزے کی اہمیت اور فضیلت کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا ۔
پریس کلب میرپورخاص کے جنرل سیکرٹری عاطف بلوچ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کے ساتھ شفقت کرنا ، ان سے محبت سے پیش آنا اور ان کی سرپرستی کرنا جنت کے حصول کا اہم ذریعہ ہے ۔،الخدمت فاؤنڈیشن کا معاشرے کے کمزور طبقوں کی ہرممکن مدد کرنا بہترین کاوش ہے اور الخدمت ہر طرح کے حالات میں انسانیت کی بلا امتیاز خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے ۔
الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے صدر نادر خان نے کہا کہ الخدمت کا عزم ہے کہ کوئی بھی یتیم بچہ ورکشاپ کا ایندھن نہ بنے بلکہ ایک باعزت ، تعلیم یافتہ اور پروقار نوجوان کی صورت میں ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے ۔ معاشرے کے مخیر طبقات اس مشن میں الخدمت کا دست و بازو بنیں۔
افطار ڈنر میں محمد رفیق چوھان، مختیار احمد سیمنٹ والے، چوہدری محمد فاروق ، شفیق چوہان، ذوالفقار صابر، دین محمد، اقبال بھائی اور ظفر اقبال مجاہد،سمیت معززین شہر اور فیملیز نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔











