ملتان،18اپریل(اے پی پی ): ڈی جی پنجاب فوڈاتھارٹی شعیب خان جدون نے ملتان ڈائریکٹوریٹ کا دورہ کیا،دورہ کے دوران انہوں نے انتظامی افسران سے ملاقات کی اور ادارے کی کارکردگی اور تنظیمی معاملات پر بریفنگ لی۔انہوں نے آپریشنز، لائسنسنگ،ایڈمن،لیگل اور تعلقات عامہ کے افسران سے ملاقات بھی کی اورکارکردگی پر اظہار اطمینان کیا جبکہ تمام دفاتر کا جائزہ لیا اور سائلین کے مسائل سنے،جن کے موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ آُپریشنز ونگ نے جنوبی پنجاب میں گزشتہ 3 ماہ میں 40133 فوڈ پوائنٹس کو چیک کیا اور 123 فوڈ پوائنٹس کو اصلاح تک بند جبکہ 4713 فوڈ پوائنٹس کو خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ریجن میں اب تک1 لاکھ 50ہزار کاروبار کو لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ٹریننگ سکولز میں اب تک فوڈہینڈلرزکو لیول 1اور لیول2 کی ٹریننگ دی جاچکی ہے، ماہ مقدس میں رمضان بازاروں اور سحروافطار پوائنٹس میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں عوام تک معیاری اشیاء کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹ اور جعلسازی کیخلاف زیروٹالرینس پالیسی،مقدمات درج کروائے جائیں۔











