ملتان،01 اپریل(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے گھنٹہ گھر چوک کا دورہ کیا اور اضافی مین ہول، پائیپوں کی تنصیب، فٹ پاتھ، سڑک کی بحالی بارے تفصیل بریفنگ لی۔انہوں نے کہا کہ چند روز پہلے سوشل میڈیا پر ملنے والی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے حسین آگاہی الیکٹرک سٹور روڈ پر بار بار سیورج پانی جمع ہونے کے مسئلہ کے سدباب کیلئے سروے کروایا تھا۔واسا کو فوراً اضافی مین ہول تعمیر کرکے مسئلہ کا مکمل سدباب کرنے کی ہدایت کی گئی جس کے مکمل ہونے کے بعد سڑک فٹ پاتھ کی بحالی کا جائزہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیس بک، ٹوئیٹر، سوشل میڈیااکاؤنٹس پر موصول شکایات پر نوٹس لیا جاتا ہے۔ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے پی ایچ اے کو میڈین پر پودے لگانے کا بھی حکم دیا جبکہ گھنٹہ گھر چوک پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ٹاسک دیا۔
سی او کارپوریشن فاروق ڈوگر، ڈائریکٹر واسا شہزاد منیر متعلقہ افسران دورے کے دوران ان کے ہمراہ تھے۔











