ملتان، 01اپریل(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت واسا سکیموں بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے سکیموں میں تاخیر پر سستی برتنے والے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سست روی کا شکار سکیمیوں کے ایکسئنز کو آخری وارننگ جاری کردی اوراچھی پراگرس کے حامل افسران کو شاباش بھی دی اور سکیموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ شہر میں متعدد مقامات پر کھدائی شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔ شہریوں کی تکلیف کے ازالے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا قیصر رضا نے واسا کی جاری 9 سکیموں، اے ڈی پی کی نئی 52،سی ڈی پی3کی22،سیپ کی 4 سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی 9 جاری سکیموں پر 37 فیصد کام مکمل،نئی اے ڈی پی کی 52 سکیموں پر 86 فیصد کام مکمل کیا جاچکا جبکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیز3 کی 22 سکیموں پر 89 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔انہوں نے افسران کو 15 روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ پراگرس بہتر کریں بصورت دیگر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عرفان انجم، واسا ایکسئنز، ایس ڈی اوز متعلقہ افسران موجود تھے۔











