آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی ملک میں ترقی و خوشحالی کو یقینی بنائے گی؛ راجہ پرویز اشرف

17

اسلام آباد،13مئی  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی ملک میں ترقی و خوشحالی کو یقینی بنائے گی، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے وکلا برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ایڈوکیٹ محسن صغیر بھٹی صدر گوجر خان بار ایسوسی ایشن کی سربراہی میں وکلاء کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ  وکلاء برادری نے ہمیشہ ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے وکلاء برادری کا کردار قابل ستائش ہے۔

   گوجر خان میں وکلاء برادری کو درپیش مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ گوجر خان کی وکلاء برادری کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری سول سوسائٹی کا اہم حصہ ہے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے میں ان کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء عوام کو انصاف کی فوری فراہمی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں۔

  صدر گوجر خان بار ایسوسی ایشن ایڈووکیٹ محسن صغیر بھٹی اور وفد کے شرکاء نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو پاکستان کی قومی اسمبلی کے 22 ویں اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ گوجر خان کے عوام کے لیے یہ فخر کا لمحہ ہے کہ راجہ پرویز اشرف اس ایوان کے کسٹوڈین منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے درخواست کی کہ وہ گوجر خان بار ایسوسی ایشن کا دورہ کریں۔