الیکشن انعقاد کا فیصلہ موجودہ حکومت اور اتحادی کریں گے، آئینی اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کےخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائےگی؛ مریم اورنگزیب

2

اسلام آباد،19مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن انعقاد کا فیصلہ موجودہ حکومت اور اتحادی کریں گے، آئینی اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کےخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائےگی، انتشار پھیلانے والوں کیلئے زیرو ٹالرنس ہے۔

 جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان جتنی مرضی دھمال ڈالیں، جتنا مرضی شور کرلیں، پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ عمران خان ملک میں انتشار اور افراتفری چاہتے ہیں۔ اپنے اقتدار سے پہلے یہ کنٹینر پر چڑھے، سول نافرمانی کی کالیں دیں، بل جلائے، پولیس والوں کے سر پھاڑے اور پھر چار سال حکومت میں رہ کر بھی آئینی اور ریاستی اداروں کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا، میڈیا کو جیلوں میں ڈالا اور اب ملک میں انارکی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صبح دوپہر شام جھوٹ بول کر اپنی چوری سے نظریں نہیں ہٹوا سکتے، اپنے فرنٹ مین فرح گوگی اور شہزاد اکبر کی چوری اور توشہ خانہ سے کی گئی چوری سے نظریں نہیں ہٹوا سکتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کرانے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) اور تمام اتحادی مل کر کریں گے، اس لئے الیکشن کرانے کی گردان بند ہونی چاہئے۔ انہوں  نے کہا کہ پاکستان کے عوام آج ان سے سوال پوچھتے ہیں کہ چار سال اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر انہوں نے اپنے اختیارات کو مخالفین کے خلاف استعمال کیا، یہی اختیارات مہنگائی کم کرنے کے لئے بھی استعمال کئے جا سکتے تھے لیکن ان میں صلاحیت نہیں تھی، ان کی نیت کارٹلز اور مافیاز کی جیبیں بھرنا تھی۔ آج جس فنڈنگ سے یہ جلسے کروا رہے ہیں یہ وہی فنڈنگ ہے جو عوام سے لوٹ کر کارٹلز اور مافیاز کے پاس گئی، اور اب اسی پیسے سے یہ جلسے کروا رہے ہیں۔