حکومت یاسین ملک کیس کو ہیومن رائٹس کمیشن کے سامنے پیش کرے تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو سکے ؛ ایم کیو ایم

12

اسلام آباد،24مئی  (اے پی پی): ایم کیو ایم کی سینئر لیڈرشپ  نے  سینئر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ  مشعال ملک  کے ہمراہ  پریس کانفرنس  سے   خطاب   میں  مطالبہ کیا ہے کہ  انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے یاسین ملک کو اوپن ٹرائل کا موقع دیا جانا چاہئے اور  کہا کہ حکومت وقت یاسین ملک کیس کو ہیومن رائٹس کمیشن کے سامنے پیش کرے تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو سکے۔

ایم کیو ایم  رہنما  صابر قائم خانی نے کہا کہ یاسین ملک کو قید کر کے بھی بھارت حریت رہنماؤں اور انکے خاندانوں کے حوصلوں کو نہیں توڑ سکا۔  بھارت اپنے ظالمانہ طرزِ عمل سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ  یسین ملک کا اوپن ٹرائل کرایا جائے، جب تک اوپن ٹرائل نہیں ہوتا کسی بھی اقبال جرم کے بیان پر یقین ناممکن ہے۔  ہم مشعال ملک کی ہمت و حوصلے کی داد دیتے ہیں کہ یہ مضبوط چٹان کی طرح کھڑی ہیں۔

 اسامہ قادری نے کہا کہ  یاسین ملک کا کشمیر کے حریت رہنماؤں میں شمار ہوتا ہے ۔ حکومت کی ذمہ داری ہے ہیومین رائٹ کمیشن کے اجلاس میں یاسین ملک کے کیس کو پیش کیا جائے۔ یاسین ملک کے لوگوں کے ساتھ اس قسم کا رویہ اختیار کر کے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کا نوٹس لے اور بھارت کا چہری بے نقاب کرے۔ بھارت میں کینگرو کورٹس بنائی گئی ہیں۔ اگر  کوئی نامناسب فیصلہ دیا گیا تو پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔