درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے موسمیاتی مسائل بڑھنے کے خدشات ہیں؛ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن

18

اسلام آباد،9مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے موسمیاتی مسائل بڑھنے کے خدشات ہیں، صوبہ سندھ نے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

 پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نصیبہ چنا کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سب ملک میں ماحولیات کا تحفظ چاہتے ہیں، ملک کو ماحولیاتی ایمرجنسی کا سامنا ہے، ملک میں گرین ہائوس گیسز کی وجہ سے آلودگی اور ہیٹ ویو میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائے، ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے تمام صوبوں کے نمائندوں پر مشتمل کونسل کے قیام کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے پر تحفظات سامنے آئے ہیں۔ سرکاری فنڈز کی جوابدہی کرنا پڑے گی۔ ان شکایات پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ نیب اس منصوبے کی تحقیقات کر رہا ہے۔