سی ای او محمد فاروق ڈوگر کا موٹر سائیکل پر شہر کا دورہ ،”صاف پنجاب مہم” کے تحت جاری صفائی کا معائنہ کیا

16

ملتان،25مئی(اے پی پی):سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے موٹر سائیکل پر شہر کا دورہ کیا اور  زون تھری اور فور کےعلاقے عزیز کالونی، مسلم کالونی، حافظ جمال، شاہین آباد اور بلال نگر کی گلیوں میں “صاف پنجاب مہم” کے تحت جاری صفائی کا معائنہ کیا۔انہوں نے گھروں پر دستک دیکر شہریوں سے صفائی بارے فیڈ بیک لیا اور کمپنی اور ورکرز کی کارکردگی بارے استفسار کیا۔

اس موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر”صاف پنجاب مہم” شروع کی گئی ہے جس کے دوران نظر انداز کئے گئے علاقوں پر فوکس کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے سپیشل صفائی اسکواڈ تشکیل دئیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ویسٹ اٹھانے کے لئے بھاری مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے۔

محمد فاروق ڈوگر نے بتایا کہ پی ایچ اے کی قائم کردہ گرین بیلٹس کی صفائی کی جارہی ہے اور واسا کی طرف سے مین ہولز کی ڈیسلٹنگ کے دوران سڑک پر جمع کیا جانے والا مٹیریل اٹھایا جارہا ہے۔اس کے علاوہ فلائی اوورز اور اہم چوکوں کی پانی سے دھلائی کی جارہی ہے اور  سڑکوں کے ڈیوائڈز کی سکریپنگ کی جارہی ہے اور شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤکیا جارہا ہے۔ محمد فاروق ڈوگر نے بتایا کہ “صاف پنجاب مہم” کے تحت شہریوں کو صفائی بارے واضح تبدیلی نظر آئے گی۔