“صاف پنجاب مہم”کے پیش نظر آپریشنل سٹاف کی غیر ضروری چھٹیاں منسوخ ، پابندی مہم کے اختتام تک برقرار رہے گی

7

ملتان، 21 مئی (اے پی پی):صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لئے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں انتظامی بنیادوں پر اہم  فیصلے کر لئے گئے ہیں۔ “صاف پنجاب مہم”کے پیش نظر آپریشنل سٹاف کی غیر ضروری چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔چھٹیوں پر پابندی مہم کے اختتام تک برقرار رہے گی۔اس کے علاوہ کمپنی کے ڈپٹی منیجر آپریشنز حبیب اللہ ظفر سے منیجر آپریشنز کی اضافی ذمہ داریاں واپس لے لی گئی ہیں اور منیجر آئی ٹی محمد عمران کو آپریشنز  ڈیپارٹمنٹ کا فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔منیجر آئی ٹی روزانہ کی بنیاد پر  چاروں ڈپٹی منیجرز آپریشنز سے صفائی بارے رپورٹ حاصل کریں گے اور اسے سی ای او کو پیش کریں گے۔اس سلسلے میں کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر کی ہدایت پر آفس آرڈرز جاری کردئے گئے ہیں۔

دوسری طرف محمد فاروق ڈوگر نے”صاف پنجاب مہم” کا جائزہ لینے کے شہر کے مختلف زرونز میں صفائی کی  انسپکشن شروع کردی ہے۔انہوں نے تمام ڈپٹی منیجرز آپریشنز کو روزانہ صبح5 بجے فیلڈ میں اپنی گوگل لوکیشن شئیر کرنے کی ہدایت کی ہے۔دریں اثناء سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے  ڈیرہ اڈا، بوسن روڈ، گلگشت اور زکریا ٹاون کا وزٹ کیا۔انہوں نے موٹرسائیکل پر بیٹھ کر منظور آباد کی گلیوں میں صفائی کی پڑتال کی اور پبلک سے فیڈ بیک بھی لیا۔

  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ ہر زون میں مشینری کی ورکنگ کا معائنہ کریں گے اور کہا  کہ کارکردگی کی بنیاد پر چاروں ڈپٹی منیجرز آپریشنز کی رینکنگ کی جائے گی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے ڈپٹی منیجر کو منیجر آپریشنز کا اضافی چارج سونپا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ تک ڈپٹی منیجرز کی کارکردگی کی جانچ کی جائے گی۔ محمد فاروق ڈوگر نے بتایا کہ آئندہ کمپنی میں نئی ذمہ داریاں سونپنے کا تعین کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے فیلڈ وزٹ کے دوران ورکرز  کے زیر استعمال ٹوٹی ہاتھ ریڑھیاں دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا اور کمپنی کے متعلقہ شعبوں کو ہاتھ ریڑھیوں اور کنٹینرز کی مرمت کے لئے ٹینڈر جاری کرنے کی ہدایت کی۔