عمران خان کی 4 سالہ حکومت کے نتیجے میں جو معاشی بدحالی آئی اس کے اثرات کئی سال رہیں گے ؛وفاقی وزیر احسن اقبال

32

لاہور، 23 مئی ( اے پی پی ):   وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست پاکستان دشمن لابی کی سیاست ہے ،عمران خان کی 4  سالہ حکومت کے نتیجے میں جو  معاشی بدحالی آئی اس کے اثرات کئی سال رہیں گے ،سابقہ حکومت آئی ایم ایف سے جو  معاہدہ کر کے گئی وہ عوام اور غریب دشمن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیرت جینڈر سٹڈیز سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان دشمن ملک کی سیاست کررہے ہیں وہ  دو ہزار چودہ سے ملک میں پولرائزیشن پھیلانے کی اور اداروں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ملک میں انارکی پھیلانے اور انتشار کی اجازت نہیں دیں گے،ہم جمہوری نظام پر یقین رکھتے ہیں جو کام آئین و قانون کے مطابق ہوگا اسی کی اجازت ہو گی ۔

وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ پر کوئی غیر قانونی کام ہوا تو  قانون اپنا راستہ لےگا  نئے پاکستان کی فلم ختم ہوئی تواب عمران خان نے آزادی پاکستان کی فلم شروع کردی ہے ایٹمی ملک غلام نہیں ہو سکتا اس پر کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ  آئینی طریقے سے جمہوری حکومت تبدیل ہوئی،الیکشن کب ہوں گے اتحادی حکومت کی لیڈر شپ نے فیصلہ کرنا ہے،الیکشن کروانے کا ابھی تک ملک میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا،عمران خان کی چار سالہ عذاب حکومت کی وجہ سے معاشی بدحالی کے اثرات کئی سال رہیں گے،افراط زر میں قابو لانے کےلئے وقت لگے گا،جس نے معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجائی  اسے چار ہفتوں میں ٹھیک کیسے کریں ۔سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے عوام اور غریب دشمن  معاہدہ کیاجب بھی آئی ایم ایف سے حتمئ معاہدہ ہوگا تو عوام کو ریلیف ملنا شروع ہوجائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ تعصب اور نفرت کے بیج کی وجہ سے ایک نوجوان نے میری جان لینے کی کوشش کی تاکہ وہ جنت میں چلا جائےایسے نظریات کو ختم کرنا ہوگا، ہم نے دہشت گرد ملک کے طورپر دنیا میں شناخت بنائی  لیکن اب ہمیں انسانیت کی خدمت والی قوم بننا ہے۔