عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے پنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ازسر نو فعال کرنے کا فیصلہ

14

لاہور، 10مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت  اجلاس میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے پنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ازسر نو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فوری طورپر فعال افراد پر مشتمل پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو نوٹیفائی کر کے متحرک کیا جائے۔شوگر،فلور،گھی اورپولٹری ایسوسی ایشنز کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کر کے قیمتوں میں کمی لائی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گھی،آٹے،چینی،چکن اوردیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان بنانے کی ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ دکانوں پر اشیاء کے نرخ ناموں کی فہرستیں نمایاں جگہوں پرآویزاں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ پرائس کنٹرول کیلئے مربوط پالیسی کو حتمی شکل دی جائے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں، سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث سفید پوش طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس کررہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کو مہنگائی سے ہر صورت ریلیف دینا ہے۔ انھوں نے ہدایت دی کہ مارکیٹ کمیٹیوں کو بھی ازسر نو متحرک کیا جائے۔ صوبے میں کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے، ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی۔

وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت دی کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں کام کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیزہے، عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے،عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔