فیصل آباد، 30 مئی (اے پی پی): پنجاب پولیس کے”انصاف آپکی دہلیز پر ” خصوصی اقدام کے تحت سی پی او فیصل آباد سید علی ناصر رضوی کی جانب سے نشاط آباد سرکل کے تھانہ ملت ٹاؤن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ سی پی او نے سائلین کے مسائل سنے اور موقع پر داد رسی کے احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کو کاغذی کارروائیوں تک محدود نہیں رکھا جائے گے، کچہری کے فیصلوں پر عملدرآمد ممکن بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی او آفس میں کھلی کچہری میں پیش ہونیوالے سائلین کیلئے نیا کمپلینٹ سیل قائم کردیا گیا تاکہ انہیں موثر بنایا جاسکے، کھلی کچہریوں کا وقت پر انعقاد کروایا جائیگا،سائلین کی درخواستوں پر تین مراحل میں طے شدہ وقت کے اندر عملدرآمد کیاجائے گا ، اے کیٹگری میں فوری ایکشن ہوگا، بی کیٹگری میں تصدیق کے بعد ایکشن لیا جائیگا اور سی کیٹگری مکمل تفتیش کرکے ایکشن لیا جائیگا۔
سی پی او فیصل آباد سید ناصر نقوی نے کہا کےموصولہ شکایت کی روشنی میں پولیس اصلاحات کیلئے فیصل آباد میں بہت زیادہ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تحفظ کا احساس دلانا اولین ترجیح ہوگی۔ امن و امن کا قیام اور عوامی تحفظ جرائم کیخلاف موثر کارروائیوں سی ہی ممکن ہے، جرائم پیشہ افراد اور لوگوں کی خطرہ بننے والے افراد کیخلاف جامع تفتیش اور کارروائی سے ہی یہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس حکام کو ہدایت جاری کیں ہیں کہ پرچی کے بغیر آنے والے سائلیں کی بات پہلے سنیں کیونکہ وہ اللہ پر توکل کی پرچی لے کر آتا ہے اس کی داد رسی کیلئے اپنے ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ یہاں اور آخرت میں سرخرو ہوسکیں ۔
انہوں نے کہا کہ نفری کی کمی نہیں کرائم سے نفرت کرنیوالا ہر فرد پولیس والا ہے ہماری تعداد لاکھوں میں ہے انہیں ساتھ ملا کر اور میڈیا کو کان اور آنکھیں بنا کر جرائم کا قلع قمع ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر علاقہ میں کھلی کچہریوں کا موثر انعقاد یقینی بنایا جائیگا تاکہ عوام کی داد رسی ممکن ہوسکے۔











