فیصل آباد، 25 مئی (اے پی پی): ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر نے کہا ہے کہ فیصل آباد سے اس بار 3ہزار مرد و خواتین عازمین حج فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے جنہیں تمام ممکن سہولیات و مراعات فراہم کی جائیں گی۔
ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر نے بدھ کو زرعی یونیورسٹی کے اقبال آڈیٹوریم میں عازمین حج کے تربیتی وانتظامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب عازمین حج کو میری طرف سے مبارک کہ آپ خوش قسمت لوگ ہیں جو اللہ تعالیٰ کے گھر کے طواف اور روضہ رسول ؐ کی زیارت کا شرف حاصل کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آپ تمام لوگ سعودی عرب میں پاکستان کی تصویر ہیں اسلئے آپ تمام لوگوں کیلئے ضروری ہے کہ آپ سعودی عرب میں ان کے قانون کو فالو کریں اور کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے آپ کے ملک کی بدنامی ہو۔
ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر نے کہاکہ اسلئے یہ ضروری ہے کہ جو چیزیں آپ کو تربیتی سیشن میں بتائی گئی ہیں ان پر عمل کریں اور ممنوعہ اشیا جن میں نشہ آور چیزیں بھی شامل ہیں ساتھ نہ لیکر جائیں جن سے دوران کسٹم چیکنگ آپ پکڑے جا سکیں لہٰذا ان چیزوں سے اجتناب کریں۔انہوں نے کہاکہ ایک دو دن میں کابینہ کی منظوری کے بعد حج پیکیج کااعلان کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ 2019میں کورونا کی وبا کے بعد اس سال حج کے اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے جس کی بڑی وجہ روپے کی قدر میں نمایاں کمی ہے کیونکہ آج کل سعودی ریال تقریباً52روپے کے قریب ہے اور سعودیہ میں دوران حج ان تمام اخراجات کی ادائیگی ریال میں ہی کرنا پڑتی ہے۔
ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر نے کہاکہ اس تربیتی سیشن کے بعد حاجی کیمپ میں دوران ویکسی نیشن بھی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔مزید برآں انہوں نے کہا کہ تمام عازمین حج کیلئے سمارٹ فون لازمی قرار دیا گیا ہے اسلئے عازمین کو ان کی روانگی سے قبل موبائل ایپ کے استعمال کو سیکھنا ہو گا کیونکہ سعودی عرب آمدکے بعد لوکل موبائل سم اور انٹر نیٹ پیکیج خریدنا ہو گا جس کے ذریعے عمرے، طواف اور حرم میں دیگر نمازوں کی ادائیگی کیلئے بھی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اجازت لینا ضروری ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا ادارہ انتظامی امور کے ضمن میں ہمہ وقت آپ کی خدمت کیلئے تیار رہے گانیز عمرے کا احرام پاکستان سے نہیں بلکہ مدینہ منورہ سے ہی باندھنا ہو گاجس کے8دن بعد مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ روانگی اورحج کے بعد وطن واپسی جدہ سے ہو گی۔انہوں نے کہاکہ اس سال 2ارب سے زائد مسلمانوں سے تقریباً 8سے 10لاکھ مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ بینکوں کوکوآپریٹو کالج سرگودھا روڈفیصل آباد میں قائم کئے جانے والے حاجی کیمپ میں عازمین حج کی سہولت کیلئے فوری طور پر اپنی شاخیں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پری حج آپریشن کے ضمن میں حجاز مقدس روانہ ہونیوالے فرزندان اسلام کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کر نا پڑے نیز متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی عازمین حج کیلئے انتظامات مثالی ہونے چاہئیں اور حاجی کیمپ میں بجلی کی مسلسل سپلائی کیلئے سٹینڈ بائی جنریٹرز کا بندوبست بھی رکھا جا ئے تا کہ بجلی جانے یا کسی فنی خرابی کی صورت میں انہیں کوئی پریشانی نہ اٹھا نا پڑے۔
ڈائریکٹر حج نے متعلقہ حکام کو حاجی کیمپ میں صفائی ستھرائی،پارکنگ،سٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولیات کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حاجی کیمپ میں عازمین حج کی دیکھ بھال اور آرام کا خصوصی خیال رکھنے کیلئے مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی عازمین حج کیلئے انتظامات مثالی ہونے چاہئیں تاکہ وہ پرسکون ماحول میں اپنا مقدس فریضہ سرانجام دے سکیں۔











