ملتان، یکم مئی (اے پی پی):پنجاب فوڈاتھارٹی کا صحت دشمن عناصر کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد مبشر رحمان کی زیر نگرانی بیکریز اور میٹ شاپس کی چیکنگ کی گئی، بھاری جرمانے عائد کئیے گئے اور بھاری مقدار میں مضر صحت گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ خوراک کی تیاری میں غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ پر 4 معروف بیکریز کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں ، میاں چنوں میں 4 بیکریوں کو ٹوٹے انڈوں کا استعمال کرنے پر جرمانے کیے گئےہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں چنوں میں لاغر ،کم وزن مرغیاں فروخت کرنے پر میٹ شاپ کیخلاف کارروائی کی گئی جبکہ وہاڑی میں کھوئے کی تیاری میں سٹارچ کی ملاوٹ کرنے پر 3 بیکریز کوجرمانے کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لودھراں میں مٹھائی میں مردہ مکھیاں پائے جانے پر 4 بیکریوں کو جرمانے کیے گئے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ عوام تک محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹی خوراک کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سورس: وی این ایس، ملتان