ملتان، یکم مئی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عیدالفطر پر مثالی انتظامات کئے جائیں گے، عید تہوار پر سیوریج و صفائی کے معاملات مثالی بناکر شہریوں کو مثبت تبدیلی کا احساس دلایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی محکوموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ مساجد اور حساس مقامات کی فول پروف سکیورٹی بھی یقینی بنائی جائے گی اس ضمن میں پولیس اور انتظامیہ نے مشترکہ پلان بھی ترتیب دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عید پر بے پناہ رش کے پیش نظر تمام پارکوں میں جھولوں کی انسپکشن کرکے فٹنس سرٹیفکیٹ لئے جائیں تاکہ کسی بھی انسانی جان کے ضیاع کا اندیشہ نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ عید تہوار پر شہر کے مختلف مقامات کو سجایا جائے گا اور مخلتف مرکزی مقامات پر محرابیں بنائی جائیں گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ عید الفطر پر اوور چارجنگ کرنے والی بس کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کرایا جائے۔
اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ عید گاہوں کے راستوں اور عمارات میں بھرپور صفائی اور چھڑکاؤ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو واضح تبدیلی نظر آسکے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی موجود تھے۔
سورس: وی این ایس، ملتان











