ملتان ؛ پاک ویسٹ انڈیز سیریز کیلئے ضلعی محکموں و پولیس کے فول پروف انتظامات کا آغاز کردیا گیا

15

ملتان، 31 مئی (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاک ویسٹ انڈیز سیریز کیلئے سکیورٹی ریڈ الرٹ  ،ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی ہدایت پر ضلعی محکموں و پولیس کے فول پروف انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے اور سٹیڈیم،روٹس،پارکنگ اور ہوٹلز پر بھرپور سکریننگ کا لائحہ عمل بھی تیار کیا گیا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی صدارت میں انتظامیہ و پولیس کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ سی پی او خرم شہزاد حیدر اور ایس ایس پی آپریشنز محمد حسن نے بریفننگ دی۔ ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا طویل عرصے بعد شہر اولیاء کے باسیوں کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں اور غیر ملکی مہمانوں کا بھرپور استقبال کرینگے ، 5 جون سے 12 جون ضلع کی سکیورٹی ریڈ الرٹ رہے گی۔

 طاہر وٹو نے کہا کہ میچز کے دوران سٹیڈیم تک شہریوں کو مثالی سہولیات فراہم کرینگے۔ سی پی او خرم شہزاد حیدر نے کہا پولیس قومی ایونٹ پر امن و امان کیلئے تمام صلاحیتیں صرف کرے گی۔انہوں نے   کہا کہ روٹس اور سٹیڈیم کے چپہ چپہ کا سکیورٹی آڈٹ کیا جارہا ہے۔