ملتان،18مئی(اے پی پی):آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود کے ویژن کے مطابق ڈی آئی جی فدا حسین مستوئی اور ایس پی جاوید اقبال چدھڑ کی ہدایت پر ڈی ایس پی محمد حسن بھٹی اور انکی ٹیم نے سکھر ۔ پنڈی بھٹیاں موٹروے سیکشن،سب سیکٹر خانیوال بیٹ نمبر 22 شیر شاہ انٹر چینج ملتان پر گرمی کی شدید لہر میں موٹرویز پر سفر کرنے والے شہریوں میں ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور جوس تقسیم کئے۔
پورے وطن عزیز کی طرح ملتان میں بھی گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے موسم کا پارہ ہائی ٹمپریچر 47۔ 48 تک پہنچ گیا شہری پریشان اس موقع پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے دعوت اسلامی کے اشتراک سے تکلیف کی اس گھڑی میں موٹروے ایم فور پر سفر کرنے والے شہریوں میں ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور بچوں میں ٹھنڈاجوس تقسیم کیا ۔اس موقع پر ڈی ایس پی محمد حسن بھٹی اور انسپکٹر گلزار احمد نے کہاکہ شہریوں سے گزارش ہے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اگر بہت ضروری ہو تو سفر کریں اور محکمہ صحت کی ہدایت کے مطابق گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کیلئے ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں۔گرمی کی اس لہر سے گھبرانا نہیں ہے پانی اور مشروبات کے استعمال بڑھا ئیں،احتیاطی تدابیر کو اپنا کر اس سے مقابلہ کرنا ہے ٹریفک قوانین کا احترام کریں۔ گرمی کی شدت اور لمبے سفر کی وجہ سے ٹائر گرم ہو کر برسٹ ہو سکتے ہیں اور گاڑیاں ہیٹ اپ ہو سکتی ہیں اس لئے اوور سپیڈ انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے اس لئےاوور سپیڈ سے اجتناب کرکے ناقابل تلافی جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر دعوت اسلامی کی طرف سے محمد آصف عطاری اور ان کی ٹیم نے شرکت کی جس کو عوامی حلقوں میں بہت اچھی پذیرائی دی گئی۔











