وزیراعلیٰ پنجاب سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

10

لاہور،07 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، قمرالزمان کائرہ، رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی اور حسن مرتضیٰ وفد میں شامل تھے۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مل جل کر چلنے پر اتفاق رائے کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سید یوسف علی گیلانی اور دیگر شرکاء نے وزیراعلیٰ محمد حمزہ شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے بھرپور تعاون کرنے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عہدے عارضی ہوتے ہیں،انسانیت سے محبت ترجیح ہونی چاہیے۔آئینی اور جمہوری اقدار کو مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو چکا ہے جہاں چار سال پہلے منقطع ہوا تھا، وقت کم ہے، دن رات کام کرنا ہوگا، دوستوں کے مشوروں کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے یکجا ہو کر کام کر رہے ہیں۔

سردار اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ،عطا اللہ تارڑ ،عمران گورایہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔