وزیر اعلی حمزہ شہباز کا بہاولپور، لودھراں روٹ پر سپیڈو بس سروس فوری بحال کرنے کا اعلان

24

لاہور، 12 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے سفر کی معیاری سہولتیں مہیا کرنے کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلی حمزہ شہباز نے بہاولپور، لودھراں روٹ پر سپیڈو بس سروس فوری بحال کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے ہدایت دی کہ بہاولپور، لودھراں روٹ پر سپیڈو بس سروس کو جلد از جلد فنکشنل کیا جائے،سپیڈو بس سروس کی بحالی سے عوام کو سفر کی جدید اور آرم دہ سہولت میسر ہوگی۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے   لاہور اور راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے خراب سٹیشنزکی جلد بحالی کی ہدایت بھی دی۔انھوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹس کے خراب ایکسی لیٹرز کو فنکشنل کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ میں جلد ہی اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس پراجیکٹ کا سرپرائز دورہ  کروں گا۔میٹرو بس سٹیشنز پر واش رومز صاف ستھرے اور لائٹس چالو حالت میں ہونی چاہئیں۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میٹرو بس سٹیشنز کی حالت کو دنوں میں درست کرکے رپورٹ پیش کرے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروس عام آدمی کی سواری ہے۔

 اجلاس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین میں سٹوڈنٹس کے لئے مفت سفر کی سہولت دینے اور فیڈر بسیں چلانے کی تجویز بھی دی گئی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اس ضمن میں جلد حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی۔انھوں نے کہا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ کو جلد مکمل کیا جائے۔