وزیر اعلی پنجاب کی عام لوگوں کی سہولت کے لئے ون ڈش پالیسی پر ضلع میں من و عن عمل در آمد کروایا جا رہا ہے؛ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

12

اوکاڑہ،10 مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے عام لوگوں کی سہولت اور آسانی کے لئے جو ون ڈش کی پالیسی پر سختی سے عمل در آمد کی ہدایات جاری کی ہیں اس پر ضلع میں من و عن عمل در آمد کروایا جا رہا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب حکومت کی ون ڈش پالیسی پر عمل در آمد کے سلسلہ میں بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں میرج ہال و مارکی مالکان ،کیٹرنگ سروس کرنے والو ں سمیت پرائس مجسٹریٹس نے بھی شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ ون ڈش کی پالیسی پر ضلعی انتظامیہ،پرائس مجسٹریٹس اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داری کو احسن طریقہ سے ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ  میرج ہال اور مارکی مالکان کے ساتھ ساتھ کیٹرنگ کے کاروبار سے وابستہ لوگ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے ہاں ہونی والی شادی بیاہ کی تقاریب میں صرف ون ڈش کھانا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے کیٹرنگ سروس اور مارکی و میرج ہال مالکان کے ساتھ ساتھ شادی کی تقریب منعقد کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عوامی فلاح و بہبود اور معاشرتی سدھار کی اس پالیسی کا کامیاب بنانے کے لئے انتظامیہ سے تعاون کریں ون ڈش کی پالیسی اپنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نمود و نمائش کی بجائے سادگی اختیار کرنی چاہیے، ون ڈش کی پالیسی محروم معیشت اور سفید پوش لوگوں کے لئے آسانی و آسائش کا باعث ہے جس پر عمل در آمد ہم سب کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈش کی خلاف ورزی کی شکایت ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم کنٹرو ل روم پر بھی کی جا سکتی ہے جس کا نمبر 0449200287ہے۔