پاکستان اور جرمنی کے تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی  ہیں ؛ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم

14

اسلام آباد،16مئی  (اے پی پی):سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے سفارتی امور کے سربراہ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری کے حوالے سے جرمنی کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی ہیں۔

یہ بات انہوں نے جرمن سفیر برن ہارڈ سے گفتگو کرتے کہی جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور  بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔  ڈاکٹر  شہزاد وسیم نے کہا کہ  پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے سے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری کے حوالے سے جرمنی کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل اور یہ ملک یورپی یونین کی ایک مضبوط معیشت ہے۔

ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی  میزبان ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم  کردار ادا کر رہی ہے۔  انہوں  نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے  ساتھ بہترین دوطرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔