کراچی میں ہونے والا دہشتگردی کا واقعہ پاک چین دوستی کونقصان پہنچانے کے مترادف ہے؛ وفاقی وزیرمریم اورنگزیب

11

اسلام آباد،21مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پوری دنیا میں ایک مثال ہے، سٹریٹجک پارٹنر شپ اور سفارتی تعلقات سے پاک چین دوستی کا آغاز ہوا، اقتصادی راہداری جیسے منصوبے پاکستان کے اندر اقتصادی خوشحالی اور سٹریٹجک پارٹنر شپ سمیت خطے کے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کیلئے معاشی ترقی اور خوشحالی کا مظہر ہیں، میں ہونے والا دہشتگردی کا واقعہ پاک چین دوستی کونقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاک چین سفارتی تعلقات کے 71 سال مکمل ہونے پر وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر چینی قونصلیٹ کے دورہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پاک چین سفارتی تعلقات کے 71 سال مکمل ہوئے، آج ایک تاریخی دن ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات اس لئے بھی خاص اہمیت کے حامل ہیں کہ یہ دونوں ممالک کے عوام سے شروع ہوتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام محبت کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی چین کا کوئی منصوبہ پاکستان میں آتا ہے تو ہمیں یقین ہوتا ہے کہ یہ ہمارے فائدے کے لئے ہوگا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کا ایک اندوہناک واقعہ ہوا، ایسے واقعات پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں۔ اس واقعہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی اور انفراسٹرکچر میکنزم کا از سر نو جائزہ لیا اور اس وقت وہ تمام معاملات کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب کراچی کا واقعہ پیش آیا تو وزیراعظم شہباز شریف تمام مصروفیات ترک کر کے چینی قونصلیٹ آئے، وزیراعظم نے پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے سکیورٹی میکنزم کو بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا آپس میں باہمی احترام اور اعتماد کا رشتہ ہے، یہاں بہت سے ایسے منصوبے ہیں جو ہمیشہ کیلئے پاک چین دوستی کو لازوال رشتے میں ڈھالتے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے اس تاریخی دن کے موقع پر چین کی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی مستقل خواہش ہے کہ چین کے ساتھ دوستی اور اعتماد کے رشتے کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے اور اس رشتے کو ہمہ جہت بنایا جائے۔ انہوں  نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 71 سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد بھی موجود تھیں۔