کوئٹہ،28مئی (اے پی پی):ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ کل صوبے کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، انتخابی عمل کے لیے 4.3 ملین فنڈ جاری کیے گئے ہیں۔
ہفتہ کو یہاں میڈیا سے بات چیت کرتےہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ کوئٹہ اور لسبیلہ میں ڈی لیمٹیشن کا مسئلہ حل کر رہے ہیں، میونسپل کمیٹی کی تعداد 42 ہے، 2013 کے بعد صوبے میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی آگاہی کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے، ہماری کوشش ہے ذیادہ سے ذیادہ عوام بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل ہے، ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ضابطہ اخلاق طے پایا گیا ہے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام اضلاع کے قبائلی معتبرین سے ملاقاتیں کی گئی ہیں،تمام پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی ترتیب دے دی گئی ہے۔











