ہرنائی؛ ڈپٹی کمشنر نے  پولیو  مہم  کا  افتتاح کر دیا ،  19600 سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

68

ہرنائی،23 مئی  (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ہرنائی سردار محمد رفیق ترین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کرمہم کا افتتاح کردیا ہے ،  مہم میں19600 سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، جس کیلئے  161ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں 131موبائل ٹیم 09 ٹرانزٹ اور 21 فلکس سینڑ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 164سے زائد پولیس اور لیویز اہلکار سیکورٹی کی ڈیوٹی پر مامورہیں۔

  ڈپٹی کمشنر سردار محمد رفیق ترین کے مطابق  ٹیمیں انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر 5سال تک عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ انہوں  نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ سکے اور انکاری والدین کی تعداد کو کم کیا جاسکے تاہم مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے جائیگی۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ پولیو ویکسین کے قطرے محفوظ ہیں اور ہر قسم کے نقصانات سے پاک ہیں والدین  پانچ سال عمر  تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور ضلعی انتظامیہ اور  پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔