ملتان، 23مئی(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے اپنے آفس میں ای فائلنگ اینڈ آٹو میشن سسٹم کا افتتاح کردیا ہے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام محکموں میں یہ سسٹم لانچ کردیا گیا ہے،اب کمپیوٹر کا ایک بٹن دبانے سے فائل ایک آفس سے دوسرے آفس منتقل ہو جائے گی۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ای فائنلنگ سسٹم کے لئے باقاعدہ ایپلی کیشن تیار کی ہے جسے موبائل پر بھی ڈاون لوڈ کیا جا سکے گا اور اس کی مدد سے فیلڈ وزٹ کے دوران بھی سیکرٹریز اور ان کے ماتحت آفسران کو موبائل پر میسج کے ذریعے فائل کی آمد کی اطلاع موصول ہوجائے گی اور سیکرٹریز اور افسران فیلڈ میں بھی فائل پر اپنے ریمارکس دے سکیں گے۔ہر آفیسر کے پاس ایک مخصوص پاس ورڈ ہوگا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کے ملتان آفس میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں جنوبی پنجاب کے تعلیم، زراعت ، جنگلات، محکمہ صحت، انہاراور ہاوسنگ کے سیکرٹریز اور ایڈیشنل سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ بہاولپور سے پی اینڈ ڈی، سروسز ،محکمہ لائیو سٹاک ،فنانس،سی اینڈ ڈبلیو اور محکمہ ایری گیشن کے سیکرٹریز اور ایڈیشنل سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے کامیابی کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ای فائلنگ ایک پیپر لیس سسٹم ہے جس کے ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔
کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا کہ21ویں صدی ٹیکنالوجی کی صدی ہے اور ہمیں ترقی یافتہ قوموں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہو گا ورنہ ہم ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ای فائلنگ اینڈ آٹو میشن سسٹم پر گزشتہ چھ ماہ سے کام جاری تھا اور اسے محکمہ زراعت میں ماڈل پراجیکٹ کے طور پر اپنایا گیا جو کامیاب رہا۔
کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے اس کامیابی پر سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ کو کامیابی کی ایک بہترین مثال قرار دیا اور کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سرکاری دفاتر میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ای فائلنگ جیسے سمارٹ سسٹم سے سرخ فیتے کا خاتمہ ہوگا اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ای فائلنگ سسٹم پر عملدر آمد کے لئے کمربستہ ہو جائیں اور کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ سسٹم میں مزید نکھار پیدا ہوگا۔
اس موقع پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سینئر پروگرام منیجر فیصل ممتاز نے اس موقع پر سسٹم بارے بریفنگ بھی دی۔











