بہاولنگر،28 جون ( اے پی پی ): ریجنل پو لیس آفیسر بہاولپور صادق علی ڈوگر کے ایک روزہ دورہ بہاولنگر کے موقع پرڈی پی او فیصل گلزار نے ایس پی انویسٹی گیشن فاروق انور کمیانہ اور ایس ڈی پی اوز کے ہمراہ آر پی او بہاولپور کا استقبال کیا۔ آر پی او بہاولپورنے ضلعی پولیس آفیسر فیصل گلزار کے ہمراہ ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز کے ساتھ کرائم میٹنگ کی۔
میٹنگ میں آ ر پی او نے کرائم کنٹرول کے حوالہ سے کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے تما م مقدمات کی پراگرس کو تفصیلاً زیر غور لایا گیا اور مناسب ہدایات جاری کیں کہ مقدمات کے فوری اندراج کو یقینی بناتے ہوئے اندر معیاد یوم میرٹ پر یکسو کریں،مجرمان اشتہاریوں، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید بہتر کریں، ہوٹل آئی، ٹریول آئی،ای پولیس پوسٹ ایپ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بناتے ہوئے اس سے بھر پور استفادہ حاصل کریں۔
آر پی او بہاولپور نے تھانہ صدر بہاولنگر کی فارمل انسپکشن کی۔انسپکشن کے دوران تھانہ کے ریکارڈ، بلڈنگ اورحوالات کا معائنہ کیا۔آر پی او بہاولپور نے تھانہ کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھنے اور تھانہ میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں آر پی او بہاولپور نے خدمت مرکز بہاولنگرکا دورہ کیا۔خدمت مرکز پر شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور وہاں پر موجود شہریوں سے فیڈ بیک بھی لیا۔











