ابتک کھلی کچہریوں میں پیش ہونیوالی 89 میں سے 76 درخواستوں پر کارروائی مکمل ہوچکی ہے؛ سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد سید علی ناصر رضوی

8

فیصل آباد،06   جون  (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ابتک کھلی کچہریوں میں پیش ہونیوالی 89 میں سے 76 درخواستوں پر کارروائی مکمل ہوچکی ہے جبکہ ان کی کھلی کچہریاں روایتی نہیں بلکہ با مقصد ہوں گی اورسائلین کی درخواستوں پر72 گھنٹوں میں کارروائی کو یقینی بنایا جا ئے گا۔

پیر کی دوپہر پولیس تھانہ کوتوالی فیصل آباد میں کھلی کچہری کے دوران انہوں نے کہا کہ پولیس  اہلکار  عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہیں  اوراپنی جان و مال کی پرواہ کیے بغیر عوام کی جان و  مال اور عزت کی حفاظت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اس ادارہ سے کچھ شکایات ضرور ہونگی لیکن وہ ایک بار ان پر یقین کرتے ہوئے انہیں ایک موقع دیں جس پر وہ سائلین کو سو فیصد نتائج دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار  کلمہ حق بلند اور معاشرتی برائیوں کے خلاف جہاد کررہے ہیں اور ان کے جسم پر یہ سبز وردی نہیں بلکہ کفن ہے۔

 سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ہم کسی غریب کی عزت چوراہے پر پامال نہیں ہونے دیں اسی لئے انہوں نے عوام کی خدمت کی غرض سے پولیس حکام کو دفتروں سے نکالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر ایس ایچ او، ڈی ایس پی اور ایس پی ہفتے میں دوکھلی کچہریاں لگائے گاتاکہ مظلوموں کی فوری داد رسی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سائل درخواست اس یقین سے دے کہ اس کا مقصد حل ہوگااور جو نہیں کرے گا اس کیخلاف کارروائی کی جا ئے گی۔

سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ پنجاب پولیس شہدا کا محکمہ ہے اوراب تک107 پولیس اہلکارفرض کی راہ میں شہید ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کریمنل واردات کو گالی کے طور پر دیکھیں لیکن فیصل آباد کے عوام بھی ان سے مکمل تعاون کرتے ہوئے فوری جرم کی اطلاع دیں تاکہ ہم تدارک کیلئے بروقت تمام ممکن اقدام کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ جرم اور جرائم پیشہ افراد سے نفرت کرنے والے شہری بھی دراصل پولیس والے ہیں لہٰذا عوام ہم پہ اعتماد کریں اوربروقت اطلاع دیں جس پر ہم سو فیصد آپکے ساتھ چلیں گے۔

سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ جرائم کنٹرول کرنا صرف پولیس حکام کی ہی نہیں بلکہ تمام شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے اسلئے ہم آپ سے تعاون کے طلبگار ہیں۔

 کھلی کچہری میں 18 سائلین پیش ہوئے اور اپنی شکایات سے سٹی پولیس آفیسر کو آگاہ کیا جن کی داد رسی کیلئے موقع پرہی ا حکامات جاری کئے۔